ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہائی وے پر بے احتیاطی کے ساتھ بھاری لوہے کے کھمبے لے جانے پر عوام ناراض؛ یلاپور میں عوام نے ٹرک کو روک کر کیا احتجاج

ہائی وے پر بے احتیاطی کے ساتھ بھاری لوہے کے کھمبے لے جانے پر عوام ناراض؛ یلاپور میں عوام نے ٹرک کو روک کر کیا احتجاج

Sat, 28 Jul 2018 21:14:37    S.O. News Service

یلاپور 28؍جولائی (ایس او نیوز)  4فٹ تک باہر نکلے ہوئے بہت زیادہ وزنی اور بڑے سائز کے لوہے کے کھمبے ٹرک پر لاد کر بڑی بے احتیاطی سے لے جانے کے خلاف یلاپور کے عوام نے ٹرک کو ہائی وے پر ہی روک کر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ عوام کا کہنا تھا کہ   پچھلے کچھ دنوں قبل کمٹہ میں ٹرک سے باہر نکلے ہوئے وزنی لوہے کے کھمبے بے احتیاطی سے لے جاتے وقت ٹرک اور بس کے بیچ ٹکر ہونے سے بھیانک حادثہ پیش آیا تھا جس میں تین افراد کی جان چلی گئی تھی اور کئی مسافر زخمی ہوگئے تھے۔  ابھی یہ حادثہ عوام بھولے بھی نہیں ہیں کہ پھر اسی انداز میں 4فٹ تک باہر نکلے ہوئے  لوہے کے کھمبے ٹرک پر لاد کر  بے احتیاطی کے ساتھ لے جایا جارہا ہے۔

عوام کا کہنا تھا کہ لاری سے باہر نکلا ہوا وزنی کھمبا دور سے دیگر سواریوں کو بالکل نظر نہیں آتا،  دوسری سواریوں کو چوکنا کرنے کے لئے ٹرک پر کسی قسم کا کوئی سگنل یا لال کپڑے کا فلیگ وغیرہ بھی نہیں لگایا گیا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ ناگالینڈ سے لوہے کے کھمبوں سے  لدا ہوا یہ ٹرک منگلورو کی طرف جا رہاتھا۔

اس طرح عوام کی طرف سے ٹرک روکے جانے کی خبر ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات کو کنٹرول کیا ۔ اس کے بعد ٹرک کو آگے جانے کی اجازت دی گئی۔ عوام نے مطالبہ کیاہے کہ اس طرح کے وزنی لوہے کے کھمبے اور سلاخیں لے جانے والے ٹرکوں کو ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی سخت ہدایات ضلع انتظامیہ کی جانب سے جاری کی جانی چاہیے اور پولیس کو اس پر مکمل عمل درآمد کرنا چاہیے۔ کیونکہ بلاری کاروار نیشنل ہائی وے پر روزانہ ہزاروں موٹر گاڑیاں دوڑتی رہتی ہیں۔ اس طرح ٹرک سے باہر نکلی ہوئی سلاخیں اور کھمبے خطرناک حادثوں کا سبب بن سکتے ہیں۔ اس لئے متعلقہ محکمہ جات کی جانب سے اس ضمن میں ضروری اقدامات ہونے چاہئیں۔


Share: